چین: 7.1 شدت کا زلزلہ 115 افراد ہلاک و زخمی ، متعدد عمارتیں زمین بوس
شیعہ نیوز : چین کے نیپال کی سرحد کے ساتھ واقع نیم خود مختار علاقے تبت میں منگل کی صبح یکے بعد دیگرے 6 بڑے زلزلوں کے نتیجے میں کم از کم 115 افراد ہلاک و زخمی ہوگئے جبکہ متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں۔
چین کے دور افتادہ ضلع تبت کے دوسرے سب سے بڑے اور مقدس سمجھے جانے والے شہر شگاتسے کے قریب طاقتور زلزلے کے جھٹکوں سے کم از کم 53 افراد کی ہلاکت اور 62 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے ۔
چین کے سرکاری نشریاتی ادارے ’سی سی ٹی وی‘ کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زلزلے کے بعد تباہ شدہ مکانات کی دیواریں ٹوٹی ہوئی ہیں اور ملبہ کھنڈرات میں بکھرا پڑا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : قافلے پر حملہ امن معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی مذموم حرکت: پاکستانی وزیراعظم
چین کے سرکاری ٹی وی، سی سی ٹی وی نے اطلاع دی ہے کہ گزشتہ 5 سالوں میں شیگاتسے شہر کے قریب 29 چھوٹے زلزلے آئے۔ لیکن آج صبح آنے والا زلزلہ انتہائی شدید تھا۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی ۔ جبکہ چین کے زلزلہ نیٹ ورک سینٹر (سی ای این سی) کے مطابق زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی جس کی شدت نیپال کی سرحد کے قریب مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 5 منٹ پر محسوس کی گئی ۔ جب کہ نیپال میں بھی سیکڑوں کلومیٹر دور زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق تبت کے پڑوس میں نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو اور ہندوستان کے کچھ حصوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔