چینی صدر کا کرمان حادثے پر سید ابراہیم رئیسی کے نام تعزیتی پیغام
شیعہ نیوز: اسلامی جمہوریہ ایران کے صوبے "کرمان” میں "شہید قاسم سلیمانی” کے مزار کے قریب دو دھماکے ہوئے جس میں سینکڑوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اس انسانیت سوز واقعے پر دنیا بھر سے مذمتوں اور تعزیتی پیغاموں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ اسی سلسلے میں چین کے صدر "شی جن پنگ” نے اپنے ایرانی ہم منصب "سید ابراہیم رئیسی” کے نام ایک تعزیتی پیغام بھیجا۔ اس ہولناک سانحے پر شی جن پنگ نے کہا کہ ہم چینی حکومت و عوام کی جانب سے اس واقعے کے متاثرہ افراد سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ چین دہشت گردی کی ہر شکل کا مخالف ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ چین، دہشت گردانہ حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
بیجنگ، ایران کی جانب سے اپنی سلامتی و استحکام کے لئے کی جانے والی تمام قومی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ قبل ازیں چینی خبررساں ادارے نے ترجمان وزارت خارجہ "وانگ وین بن” کی پریس کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے مذکورہ بالا تعزیتی ریفرنس کی رپورٹ دی۔ دوسری جانب لبنان کی مقاومتی تحریک "حزب الله” کے سیکرٹری جنرل "سید حسن نصر الله” نے شہیدانِ مقاومت کی برسی سے خطاب کیا۔ اس موقع پر حزب الله کے سربراہ نے کرمان حادثے میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دہشت گردانہ کارروائی میں شہید ہونے والے افراد نے جنرل قاسم سلیمانی کے راستے کی پیروی کی۔