شہری لاپتا ہورہے ہیں کسی کو احساس ہی نہیں، ہائیکورٹ
شیعہ نیوز:سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس نعمت ﷲ پھلپوٹو کی سر براہی میں جسٹس عبدالمبین لاکھو پر مشتمل دو رکنی بینچ نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت پر وفاقی سیکریٹری داخلہ اور آئی جی سندھ کو طلب کرلیا ، جبکہ فاضل عدالت نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے بھی 22فروری تک رپورٹ طلب کرلی ہے، عدالت نے سجاول اور تھانہ ائیر پورٹ کی حدود سے لاپتا ہونے والے شہریوں کی گمشدگی کے مقدمات بھی درج کرنے کا حکم دیدیا، عادل ،مشتاق ،وقار اور سلیمان سمیت دیگر لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق اہل خانہ کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت کے موقع پر عدالت کا کہنا تھا کہ سیکریٹری داخلہ کو بتا دو اگر وہ عدالت میں پیش نہ ہوئے تو اسے سینٹرل جیل میں ڈال دیں گے، دوران سماعت جسٹس نعمت ﷲ پھلپوٹو کا کہنا تھا کہ شہری لاپتا ہورہے ہیں کسی کو احساس ہی نہیں،لاپتا افرادکے معاملے پر پولیس کی کارکردگی سوالیہ نشان ہے،نجانے پولیس افسران کونسا دھندا کرتے ہیں، سماعت کے موقع پر سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ لاپتا شہری اگر سندھ میں ہوتا تو مل چکا ہوتا،لاپتا افرادکے معاملے پر وفاق ہی بہتر بتا سکتا ہے۔