صیہونی فوجیوں اور فلسطینی مجاہدین میں جھڑپ اور قدس بٹالین کی صیہونیت مخالف کارروائیاں
شیعہ نیوز: القدس بٹالین اور جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو نے جمعرات کی صبح غرب اردن کے علاقے طولکرم میں عین شمس کیمپ پر صیہونی فوجیوں کی جارحیت کا مقابلہ کیا اور جوابی کارروائی کے طور پر دھماکہ خیز مواد کا بھی استعمال کیا۔
قدس بٹالین اور جنین بریگیڈ نے ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی مجاہدین نے جمعرات کی صبح غرب اردن کے علاقے طولکرم میں عین شمس کیمپ پر صیہونی فوجیوں کی جارحیت کے مقابلے میں براہ راست دھماکہ خیز مواد کا استعمال کیا۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ فلسطین کے مقامی ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ جمعرات کی صبح غرب اردن کے علاقے طولکرم میں عنبتا علاقے پر صیہونی فوجیوں کے حملے کے بعد صیہونی فوجیوں اور فلسطینی جوانوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی اور فلسطینی جوانوں نے صیہونی فوجیوں کی پیش قدمی اور ان کی گاڑیوں کا راستہ روکنے کے لئے سڑکوں پر ٹائر جلائے۔
صیہونی فوجیوں نے جمعرات کی صبح مقبوضہ بیت المقدس میں شعفاط پناہ گزیں کیمپ پر بھی حملہ کیا اور وسیع پیمانے پر تلاشی کی کاروائی شروع کر دی نیز اس کیمپ میں اپنے فوجیوں کی تعداد میں کافی اضافہ کیا جس کے نتیجے میں صیہونی فوجیوں اور فلسطینی جوانوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی اور ایک فلسطینی جوان زخمی ہو گیا۔
صیہونی فوجیوں نے اسی طرح غرب اردن کے شمالی علاقے میں واقع نابلس میں المخفیہ علاقے پر حملہ کیا اور اس علاقے میں فلسطینیوں کی گھر گھر تلاشی لی اور ایک فلسطینی نوجوان کو اغوا کر لیا اور اسے تفتیش کے لئے اپنے مرکز منتقل کر دیا۔
غاصب صیہونی فوجیوں نے رام اللہ اور البیرہ کے مشرق میں المزرعہ الشرقیہ علاقے پر بھی حملہ کیا اور وہاں ایک فلسطینی کے مکان کو نشانہ بنایا اور اس گھر کے اطراف میں کھدائی کردی۔
صیہونی حکومت کی طرف سے فلسطینی مجاہدین کے گھروں کو تباہ کرنے کا مقصد، صیہونیوں کے خلاف اس طرح کی کارروائیوں سے دوسروں کو روکنا ہے تاہم شجاعانہ مزاحمتی کارروائیاں انجام دینے والے افراد کے گھروں کو تباہ کرنے کی پالیسی کی ناکامی ثابت ہو چکی ہے اور مزاحمتی کارروائیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
اسی طرح مقامی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد الاقصی کے جنوب میں واقع سلوان کے علاقے میں عین اللوزہ علاقے پر حملہ کیا تو اس علاقے میں فلسطینی جوانوں اور غاصب صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی۔
صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے شمال میں واقع جنین کے جنوب میں قباطیہ کے علاقے پر حملہ کرنے کے بعد محمد حسین احمد کمیل نامی فلسطینی جوان کو گرفتار کر لیا۔