پی ٹی آئی، ایم ڈبلیو ایم اتحاد پر پاکستان کے جید اہلسنت علماء و مشائخ کی علامہ ناصر عباس جعفری کو مبارکباد
شیعہ نیوز: پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ نومنتخب اراکین اسمبلی کی مجلس وحدت مسلمین میں شمولیت کے فیصلے پر مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام و مشائخ عظام نے ایم ڈبلیو ایم کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں مبارکباد دی ہے، مرکزی متحدہ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ و اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا، جماعت اہل حرم پاکستان کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی اور سابق وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری سمیت دیگر اکابرین نے اس فیصلے کو ملکی ترقی و استحکام کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
علمائے کرام نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا قیام شیعہ سنی افراد کی مشترکہ اور بے مثال جدوجہد کا نتیجہ ہے، پاکستان کے قیام کے لیے خطے میں بسنے والے ہر فرد نے بلاتخصیص مذہب و مسلک کردار ادا کیا، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا تعلق ملت تشیع سے تھا اور ان کی قیادت میں مسلمانان ِبرصغیر اپنے الگ وطن کے حصول کے لیے ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنی رہی، آج اس ملک کی حفاظت کے لیے بھی تمام مکاتب ِفکر متحد ہیں، ہم نے مل کر پاکستان بنایا تھا اور مل کر ہی اسے عالمی استعماری سازشوں سے بچائیں گے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے رابطہ کرنے والے علمائے کرام و مشائخ عظام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قومی ترقی میں آپ سب کا ساتھ اور تعاون ہمارے عزم و استقامت میں مزید اضافے کا باعث بنے گا۔