
متنازع فوجداری بل قرآن و سنت کے منافی ہے، علامہ ریاض حسین نجفی
شیعہ نیوز:وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ سینٹ سے عجلت میں پاس کیا گیا متنازع فوجداری بل غیر اسلامی اور قرآن و سنت کی روح کے منافی ہے، پاکستان اسلام کے نام پر بنایا گیا تھا، ناصبیت کے فروغ کیلئے نہیں، ہم واضح کرتے ہیں کہ اسلامی تعلیمات سے ہٹ کر اور ملت جعفریہ کو اعتماد میں لیے بغیر کوئی قانون سازی نہیں کی جا سکتی۔ ملت شیعہ بل کو مسترد کرتی ہے، ہم اسے کسی صورت قبول نہیں کرتے، اس بل سے ملک میں فرقہ واریت، دنگا فساد اور بدامنی پیدا ہوگی، آئین پاکستان میں تمام مذاہب اور مکاتب فکر کو اپنے عقائد کے مطابق زندگی گزارنے کا حق دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک مسلک یا مذہب کا نظریہ دوسرے پر مسلط نہیں کیا جا سکتا۔ جو رویہ مسلمانوں کیساتھ بھارت میں ہندو انتہا پسند اختیار کیے ہوئے ہیں، متنازع بل پر عمل درآمد سے ہندوتوا جیسے رویے کا پاکستان میں خدشہ ہے، پھر ملک میں فسادات اور لڑائی کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جن قوتوں نے بغیر سوچے سمجھے اور اس کے ممکنہ خطرات کا جائزہ لئے بغیر اس بل کو منظور کروایا ہے، انہوں نے ملکی سلامتی سے کھیلنے کا دروازہ کھول دیا ہے، ہم ہر فورم پر اس غیر اسلامی بل کی بھرپور مخالفت کریں گے۔