متنازعہ یکساں نصاب تعلیم میں پیغمبر اسلام ﷺاور اہل بیت اطہارؑ کی توہین کی گئی ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی اور نصاب کمیٹی کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی کا دورہ ملتان، ملتان میں ضلعی شوریٰ کے اجلاس میں شرکت، صوبائی کابینہ اور ضلعی کابینہ کے اراکین اور سربراہان سے ملاقات، علامہ مقصود علی ڈومکی نے ڈسٹرکٹ بار ملتان میں وکلاء سے خصوصی ملاقات کی۔ دوران ملاقات مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلیم صدیقی، صوبائی سیکرٹری تنظیم سید دلاور عباس زیدی اور صوبائی سیکرٹری قانون سمیع گردیزی ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ متنازعہ یکساں نصاب تعلیم میں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اہل بیت اطہار علیہم السلام کی توہین کی گئی ہے، پاکستان میں بسنے والے کروڑوں شیعہ سنی مسلمان اس متنازعہ اور فرقہ وارانہ نصاب تعلیم کو مسترد کرچکے ہیں۔ کل تک جو اختلافات دینی مدارس تک محدود تھے، انہیں سرکار کی زیر سرپرستی سرکاری اسکولوں میں لا کر پاکستانی قوم کو فرقہ واریت میں گھسیٹا جا رہا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں حضرت زہراؑ کا وجود تاریکی سے روشنی کی طرف لے جانے کے لئے انتہائی مؤثر ہے، علامہ امین شہیدی
انہوں نے کہا کہ متنازعہ نصاب تعلیم آئین پاکستان اور بنیادی شہری حقوق سے متصادم ہے۔ ملت جعفریہ متفقہ طور پر فرقہ وارانہ نصاب تعلیم کو رد کرچکی ہے۔ مگر حکومت اپنی ضد، انا اور ہٹ دھرمی چھوڑنے کے لئے تیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ نصاب تعلیم کے حوالے سے ملت جعفریہ کے مطالبات اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر اور آئین پاکستان کی رو سے سو فیصد درست ہیں۔ متنازعہ نصاب تعلیم پر نظرثانی کے حکومت نے جو وعدے کئے، وہ سب جھوٹے ثابت ہوئے۔ 80 فیصد اصلاح کا وعدہ کرکے حکومت نے ایک فیصد بھی اصلاح نہیں کی اور ملت جعفریہ کے احتجاج اور اعتراضات کو نظرانداز کرکے یکطرفہ متنازعہ نصاب تعلیم ملک بھر میں رائج کر دیا۔ اب ملت جعفریہ کے پاس احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔