کرونا سے جاں بحق افراد کے غسل و کفن کا انتظام بلا معاوضہ کیا جا رہا ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن کی جانب سے کرونا وائرس سےبچاؤ اور مقابلے کیلیے شہر بھر میں خدمت مہم جاری ہے،اس سلسلے میں کرونا وائرس سے انتقال کر جانے والے افراد کے مکمل غسل و کفن کا انتظام بلا معاوضہ کیا جا رہا ہے ۔خدمت مہم کے حوالے سے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر محمد عباس کا کہنا تھا کہ ا مامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن کی جانب سے اب تک کراچی میں 30سے زائد کروناوائرس سےا نتقال کر جانے والے افراد کی میتوں کوغسل و کفن کی خدمات فراہم کی جا چکی ہیں۔
محمد عباس کا کہنا تھا کہ علما ءو ڈاکٹرز کی نگرانی میں آئی ایس اوکراچی ڈویژن کی غسل و کفن ٹیم نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف مقامت پر غسل ٹیم کی تربیت و تیاری کے حوالے سے خصوصی تربیتی نشست کا اہتمام بھی کیا ۔صدر آئی ایس او کراچی ڈویژن کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خا نہ آئی ایس او کراچی ڈویژن سے رابطہ کر کے اپنے مرحومین کوغسل و کفن دلوا سکتےہیں ، اس سلسلے میں ہمارے رضاکار ہمہ وقت تیار ہیں اور یہ خدمات بلا معاوضہ اور بلا تفریق تمام شہریوں کو فراہم کی جارہی ہیں۔
محمد عباس نے عوام سے اپیل کی کہ کرونا وائرس سےمتعلق حکومتی ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔اس و بائی مرض کا مقابلہ ہمیں بحیثیت قوم مل کر کرنا ہو گا۔اس مشکل وقت میں حکومت اور اداروں کے شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں ۔محمد عباس نے مزید کہا کہ جب بھی مملکت خداداد پاکستان کو کسی مشکل کا سامناہوا ،امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان نےکبھی بھی حکومتِ پاکستان اور عوام کو تنہا نہیں چھوڑا اور اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اس ملک کی خدمت کی۔