مشکل کی اس گھڑی میں آل محمدؑ کے در سے وابستگی اختیار کی جائے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) معروف عالم دین علامہ سید حسن ظفر نقوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہےکہ مشکل اور کٹھن وقت میں صبر و تحمل اور برداشت سے کام لیا جائے کیونکہ زندہ قوموں کی یہی روش رہی ہے کہ وہ کٹھن حالات میں ثابت قدم رہتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ قومی خدمت کا ہے لہٰذا یہاں بسنے والے تمام طبقات اپنے اردگرد کے حالات اور واقعات پر نظر رکھیں اور انتشار اور افراتفری کی سیاست سے بچیں کیونکہ اس طرح ہمیں پہلے سے زیادہ نقصان پہنچ سکتا ہے، آج ضرورت اس بات کی ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں خدا سے لو لگائی جائے۔
علامہ سید حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ دامن رسول (ص) اور آل محمد (ع) کے در سے وابستگی اختیار کی جائے اور کوشش کی جائے کہ ہمارا رب ہم سے راضی ہو تاکہ ہم ان نامساعد حالات کا مقابلہ کرسکیں۔
انہوں نے حکومت سے بھی کہا کہ وہ اس پر آشوب اور سخت دور میں عوام کا خاص خیال رکھیں، خصوصاً غریب نادار مستحق افراد کے لئے دو وقت کی روٹی کا انتظام ہو، عوام حکومتی اداروں سے مکمل تعاون کریں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے۔