کرپشن میں ملوث اعلی عراقی عہدیداروں کو حراست میں لینے کا حکم
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) عراقی حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ بدعنوانیوں میں ملوث متعدد وزرا ، ارکان پارلیمان اور صوبائی گورنروں کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔
عراقی حکومت کے ترجمان سعد الحدیثی نے ہفتے کو اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انسداد بدعنوانی کی خصوصی عدالت نے جو عدلیہ اور مجریہ کی ہم آہنگی سے تشکیل پائی ہے عراق کے سبھی صوبوں میں بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹیوں کو فرمان جاری کرکے ان سے کہا ہے کہ وہ جن وزرا گورنروں اور ارکان پارلیمان کے خلاف بدعنوانی کے معاملات ثابت ہوچکے ہیں ان کو گرفتار کرنے کا وارنٹ جاری کریں۔
عراقی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ اس سلسلے میں کام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور سبھی احکامات آئندہ چند روز کے اندر اندر جاری کردئے جائیں گے ۔
دوسری طرف عراق کے صدر برھم صالح اور نجف اشرف کے گورنر لوی الیاسری نے ٹیلی فون کے ذریعے شہر میں جاری بدامنی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
گزارش خبری عراقی ذرائع کے مطابق لوی الیاسری نے ٹیلی فون کرکے صدر برھم صالح کو نجف اشرف میں فسادات کی روک تھام کی غرض سے کیے جانے والے اقدامات سے انہیں آگاہ کیا۔
عراق کے صدر نے بھی اس گفتگو میں ہرقسم کے تخریبی اقدامات کے خلاف سخت ایکشن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نجف اشرف میں امن و امان کے قیام کے لیے پوری توانائیاں بروئے کار لائی جائیں۔
عراق کے مقدس شہر نجف اشرف سمیت متعدد شہروں میں پچھلے کئی روز سے بدامنی کا سلسلہ جاری ہے اور انٹیلی جینس اطلاعات کے مطابق بلوائیوں اور دہشت گردوں کی ٹولیاں عوامی مظاہروں سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک میں تخریب کارانہ اور دہشت گردانہ اقدامات انجام دینے کی کوشش کی کر رہی ہیں۔