
سی ٹی ڈی کا لشکر جھنگوی/داعش کے کمانڈر کے گھر چھاپا
شیعہ نیوز (پاکستانی خبر رساں ادار ہ ) گزشتہ رات انسداد دہشتگردی سکواڈ سی ٹی ڈی نے داعشی کمانڈر کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے چلاس میں ایک گھر پرچھاپا مارا جہاں سے پولیس پر فائرنگ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق رات گئےگلگت سے CTD ٹیم نے رونئی چلاس محلے میں اظہار اللّٰہ نامی شخص کے گھر داعشی کمانڈر کی موجودگی کی اطلاع پرچھاپہ مارا جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا اوراب تک 5پولیس اہلکار شہید 2 شہری جاں بحق جبکہ 5 اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں RHQ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے.
شہید ہونے والوں میں
کانسٹیبل CTDجنیدعلی ، کانسٹیبل شکیلCTD ، سہراب صاحب SIP. CTD، کانسٹیبل اشتیاق احمدCTD ، کانسٹیبل غلام مرتضیٰ CTD شہید, شہری اظہار اللّٰہ سکنہ نیاٹ، شہری بشارت اللّٰہ سکنہ گلگت جگلوٹ شامل ہیں۔جبکہ زخمی ہونے والوں میں
انسپکٹر نبی جان صاحب CTD ، کانسٹیبل شکرCTD، کانسٹیبل ہدایت کریم CTD، کانسٹیل شان اورکانسٹیبل محمد علی شامل ہیں
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ رات گئے 2بجکر 20 منٹ میں پیش آیا جبکہ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے، ان کا علاج جاری ہیں۔
دوسری جانب ترجمان گلگت بلتستان فیض اللہ فراق کے مطابق نگراں وزیر اعلی گلگت بلتستان میر افضل خان کا کہنا ہے کہ پولیس پارٹی پر حملہ افسوس ناک ہے، چلاس واقعے میں شہید پولیس افسران اور جوانوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔
نگران وزیر اعلی نے واقعے کی سختی سے نوٹس لے لیتے ہوئے آئی جی گلگت بلتستان ڈاکٹر مجیب الرحمان سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، پولیس کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں اور صوبائی حکومت شہدا کے پسماندگان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہے، اللہ شہدا کے درجات بلند کرے۔