داعش تہران و کابل کی مشترکہ دشمن ہے، مولوی عبدالکبیر
شیعہ نیوز: افغانستان کے لئے صدر اسلامی جمہوریہ ایران کے خصوصی خصوصی نمائندے اور ایرانی سفیر حسن کاظمی قمی نے طالبانی وزیر اعظم کے سیکرٹری سیاسی امور مولوی عبدالکبیر کے ساتھ ملاقات کی ہے۔ اس دوران حسن کاظمی قمی کا کہنا تھا کہ ایران و افغانستان کے درمیان نام نہاد تنازعات کو ہوا دینے والے گروہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کابل کو اسلامی جمہوریہ ایران کی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اگر افغانستان زرعی سامان چاہتا ہے تو ایران اس کے لئے ان اشیاء کی پہلی بیرونی منڈی ثابت ہو گا۔
اس دوران مولوی عبدالکبیر نے کرمان میں ہونے والے دہشتگردانہ حملے پر ایرانی وفد سے تعزیت کا اظہار کیا اور زور دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ دشمن کی حیثیت سے داعش کا ہدف خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنا اور بے گناہ لوگوں کا قتل عام ہے۔ اس حوالے سے اپنی گفتگو کے آخر میں طالبانی وزیراعظم کے سیکرٹری سیاسی امور نے کہا کہ امارت اسلامیہ اپنی معیشت پر مبنی پالیسی کو آگے بڑھاتے ہوئے خطے میں اقتصادی استحکام و ترقی کے مرکز کے طور پر اہم کردار ادا کرنا چاہتی ہے۔ واضح رہے کہ کرمان میں منعقد ہونے والی شہید حاج قاسم سلیمانی کی چوتھی برسی کی تقریب میں ہونے والے 2 حالیہ خودکش دھماکوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کی ہے۔