امام جعفر صادق ؑ کی درسگاہ سے مختلف مکاتب فکر کے علماء نے فیض حاصل کیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صادق آل محمد (ع) نے دین اسلام کی تعلیمات کو پھیلانے کے لئے عظیم جدوجہد کی، مدینہ طیبہ میں آپؑ نے جو درسگاہ قائم کی، اس میں مختلف مکاتب فکر کے جید علمائے کرام شریک ہوتے تھے۔
انہوں نے کہا ہے کہ آپؑ نے مختلف علوم کی تدریس کی، آپؑ کے فرامین آج بھی امت مسلمہ کے لئے عظیم علمی ذخیرہ ہیں۔ فقہ حنفی کے بانی حضرت امام ابو حنیفہ رحمت اللہ علیہ اور عظیم سائنسدان علم کیمیا کے بانی حضرت جابر ابن حیان اور ان جیسے جید علماء نے آپؑ سے کسب فیض کیا اور انہیں پوری زندگی اس بات پر فخر رہا کہ وہ فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے شاگرد ہیں۔
علامہ مقصود علی کا مزید کہنا تھا کہ آپؑ نے اپنے ایک شاگرد جناب مفضل کو معرفت خدا کے حوالے سے انتہائی علمی دروس دیئے جو آج توحید مفضل کتاب کی صورت عظیم علمی ذخیرہ ہے، آل رسول (ص) نے ہر دور میں دین اسلام کی بقا کے لئے قربانیاں دیں، وقت کے ظالم اور جابر حکمرانوں سے مفاہمت کرنے کی بجائے ان کے کردار کو بے نقاب کیا اور انہی طاغوتوں کے ہاتھوں جام شہادت نوش کیا۔ جنت البقیع میں آپؑ کا ویران روضہ مبارک آج بھی آل سعود کے ظلم و بربریت کی زندہ مثال ہے۔ آل سعود نے فرزند رسول (ص) امام جعفر صادق علیہ السلام کی قبر مبارک کی بے حرمتی کرکے دنیا کے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے۔