
دہشتگردی میں ملوث مدارس کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جائے، علامہ نیاز نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ نیاز نقوی نے دینی مدارس کے طلبا و طالبات کے اعزاز میں پہلی سرکاری تقریب کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس کے طلبا کسی صورت بھی یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلبا سے صلاحیتوں میں کم نہیں۔ اسلام آباد سے واپس لاہور پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ نیاز نقوی کا کہنا تھا کہ دینی مدارس کے طلبہ کو بھی مقابلے کے امتحانات میں موقع ملنا چاہیئے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وفاق المدارس کو وزارت تعلیم سے منسلک کرنے کا کام قابل تعریف ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پانچوں وفاق المدارس کو تعلیمی بورڈز کا درجہ دیا جائے جیسے سر آغا خان بورڈ کو دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دینی مدارس ملک کی سب سے بڑی این جی اوز ہیں، جو تعلیمی میدان میں نمایاں کام کر رہی ہیں۔ حکومت کی جانب سے مدارس کیلئے اصلاحات احسن اقدام ہے جس کی حمایت کرتے ہیں، مگر اس میں مدارس کی خودمختاری کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو دینی مدارس دہشتگردی میں ملوث ہیں یا دہشتگردوں کے ٹھکانے کے طور پر استعمال ہوتے ہیں ان کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے جبکہ دینی و تعلیمی خدمات سرانجام دینے والے مدارس کو بلاوجہ تنگ نہ کیا جائے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم ہاؤس میں دینی مدارس کے پوزیشن ہولڈرز طلباء کے اعزاز میں پہلی بار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاق ہائے مدارس کے عہدیداران، انعام حاصل کرنیوالے مدارس کے مہتمم صاحبان، وفاقی وزیر تعلیم، وفاقی وزیر مذہبی امور، سرکاری حکام، انعام حاصل کرنیوالے طلباء و طالبات اور ان کے رشتہ داروں نے شرکت کی۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے طلباء و طالبات میں انعامی شیلڈز تقسیم کیں اور مدارس کی خدمات کو سراہا۔