
خطیب حریت علامہ سید علی کرار نقوی دارالبقاء کی جانب کوچ کرگئے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) انا للہ وانا الیہ راجعون ، جعفریہ الائنس پاکستان کے نائب صدر، روئیت ہلال کمیٹی کے سینیئر رکن وخطیبِ حریت علامہ سید علی کرار نقوی مختصر علالت کے بعد دار فانی سے دارالبقاء کی جانب کوچ کرگئے۔
علامہ سیدعلی کرار نقوی صاحب کا تعلق امروہہ کے سادات گھرانے کی نقوی شاخ سےہے یعنی آپ حضرت امام علی النقی علیہ السلام کی نسل سے ہیں۔آپ ایک بے مثال خطیب اور وسیع المشرب مزاج رکھتے تھے۔آپ اُن علماء میں شامل تھے جو ادب، خطابت، تاریخ، عزاداری، تہذیب، نوادرات، قلمی نسخوں، قدیم کتابوں جیسے بے شمار موضوعات پر گفتگو کرتے تھے۔
علامہ سید علی کرار نقوی گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے اورکراچی کے ایک مقامی ہسپتال میں زیر علاج تھے تاہم گزشتہ شب وہ اپنے خالق حقیقی کی بارگاہ میں حاضر ہوگئے۔
علامہ سید علی کرار نقوی کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر امام بارگاہ شہدائے کربلا انچولی سوسائٹی میں ادا کی جائے گی اور تدفین وادی حسین قبرستان میں کی جائے گی۔