شمالی کوریا میں امریکہ کے خلاف مظاہرہ، سوا لاکھ افراد ریلی میں شریک
شیعہ نیوز: کوریائی جنگ کے آغاز کی 73 ویں سالگرہ کے موقع پر شمالی کوریا کے ہزاروں افراد پیانگ یانگ میں جمع ہوئے اور امریکہ کے خلاف "انتقام کی جنگ” کے نعرے لگائے۔
شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (KCNA) کے مطابق ریلی میں تقریباً 120,000 افراد نے شرکت کی اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جیسے "پوری امریکی سرزمین ہمارے میزائلوں کی زد میں ہے” یا "سامراجی امریکہ امن کو تباہ کرنے والا ہے”۔
اس خبر رساں ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا کے پاس اب "امریکی سامراجیوں کو سزا دینے کا سب سے موثر ہتھیار” ہے اور "اس سرزمین میں انتقام کے متلاشی دشمن کے خلاف ناقابل تسخیر ارادے کے ساتھ انتقام کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان پچھلے 70 سالوں سے جنگ چلی آرہی ہے کیونکہ دونوں ملکوں کے درمیان جنگ (1950_1953) کا خاتمہ سیز فائر یا امن معاہدے پر نہیں ہوا تھا۔
حالیہ مہینوں میں امریکہ اور جنوبی کوریا کی شمالی کوریا کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور پیانگ یانگ نے سیئول اور واشنگٹن کے اشتعال انگیز اقدامات اور شمالی کوریا کی سرحدوں پر پے در پے مشقوں کے جواب میں اپنے میزائل تجربات میں اضافہ کر دیا ہے۔