ڈیرہ انتظامیہ قیام امن کیلئے مکمل ناکام ہو چکی ہے، علامہ رمضان توقیر
شیعہ نیوز:شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے کوٹلی امام حسینؑ ڈیرہ اسماعیل خان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید اسلم بلوچ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں اور قاتلوں کی گرفتاری کا پر زور مطالبہ کرتے ہیں۔ دن دیہاڑے سر عام مین روڈ پر ایک شہری کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے، ڈیرہ کے شہری لاوارث ہو چکے ہیں، ہر ہفتے کسی نہ کسی شہری کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان بلخصوص تحصیل پروا میں امن خواب بن چکا ہے اور ڈیرہ انتظامیہ قیام امن کیلئے مکمل ناکام ہو چکی ہے۔تحصیل پروا کے مخصوص علاقے، مخصوص خاندانوں اور مخصوص کمیونٹی کے لوگوں کو دہشتگردی کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں، شہری گھروں تک محدود یا نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ پیارے وطن کو مفادات پرستوں نے مذاق بنا رکھا ہے، دنیا بھر میں رسوائی و شرمندگی کا باعث بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی بحران اور حکمرانوں کی آپس کی کھینچا تانی میں عوام ذلیل و خوار ہو رہی ہے، مہنگائی اور بے روزگاری اتنی بڑھ گئی ہے کہ لوگ پریشانی میں خودکشیاں کر رہے ہیں اور رہی سہی کسر حکومتی ناقص کارکردگی و پالیسیوں نے نکال دی، سے سستے آٹے و راشن کی تقسیم کی لائنوں میں دھکم پیل یا دم گھٹنے سے شہری مر رہے ہیں۔ دہشت گردی،منہگائی اور بے روزگاری مطلب ہر طرح سے پاکستانی شہریوں کا استحصال کیا جا رہا ہے۔ آخر میں شہید اسلم بلوچ، کوئٹہ میں شہید ہونے سیکورٹی اہلکاروں اور کوٹلی امام حسینؑ کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تمام شہداء کےلئے فاتحہ خوانی اور دعا مغفرت اور ملک میں قیام امن اور مہنگائی و بے روزگاری کے خاتمے کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔