ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ فوج میں اعلیٰ سطح کی تقرریوں سے متعلق قیاس آرائی نہ کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق آپریشن ردالفساد سے متعلق پریس بریفنگ کے دوران میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ 22 فروری 2017ء کو آرمی چیف کی قیادت میں آپریشن ردالفساد کا آغاز کیا گیا، آپریشن ردالفساد کو آج 4 سال مکمل ہو چکے ہیں، آپریشن رد الفساد 2 نکاتی حکمت عملی کے تحت کیا گیا، اس آپریشن کا مقصد عوام کا ریاست پراعتماد بحال کرنا اور دہشت گردوں کو مکمل غیر موثر کرنا تھا۔
یہ خبر بھی پڑھیں شمالی وزیرستان، سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3 دہشتگرد ہلاک
پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرریوں اور تبادلوں سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری سے متعلق خبریں بےبنیاد ہیں، فوج میں اعلیٰ سطح کی تقرریوں سے متعلق قیاس آرائی نہ کی جائے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف پروپیگنڈا روکنے کے لیے قابل ذکر اقدامات کیے ہیں، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کے خلاف کام کیا جا رہا ہے، ہم مرحلہ وار اور حکمت عملی سے کام کررہے ہیں، عوام کے تعاون سے ہر چیلنج پر قابو پائیں گے۔