
ڈی آئی خان، آئی ایس او اور ایم ڈبلیو ایم کا کا یوم القدس بھرپور انداز میں منانے کا اعلان
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جمعۃ الوداع یوم القدس کے موقع پہ قبلہ اول بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے انعقاد کے حوالے سے ڈیرہ اسماعیل خان میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور مجلس وحدت مسلمین کی مشاورتی نشست ہوئی۔ دونوں تنظیموں کے مقامی رہنماؤں نے اس امر پہ اتفاق کیا کہ ہمیشہ کی طرح امسال بھی جمعۃ الوداع یوم القدس بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔
کورونا کے خطرے کے پیش نظر حکومتی ایس او پیز اور طبی ماہرین کی ہدایات کو ملحوظ رکھتے ہوئے مقبوضہ فلسطین کے مظلوم عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔ اس موقع پر آئی ایس او کے ڈویژنل صدر وقیر عباس اور سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین مولانا غضنفر نقوی کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں یوم القدس کے حوالےسے بتایا گیا کہ امام خمینی نے یوم القدس کو یوم اللٰہ قرار دیا، جو شخص یوم القدس کا شعور رکھنے کے باوجود اسکو نہیں مناتا وہ استعمار کی خدمت کرتا ہے۔ اسرائیل کا وجود عالم اسلام کے دل میں خنجر کی مانند ہے۔ اس لئے ہر مسلمان کے لئے لازم ہے کہ وہ اس دن کو بھرپور جزبے کے ساتھ منائے اور طاغوت کے خلاف عالمی اسلامی مقاومت و استقامت کا حصہ بنے۔
آئی ایس او کے ڈویژنل صدر کا کہنا تھا کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ایک ذمہ دار تنظیم ہے جو کہ مرکز کی ہدایات کے مطابق اس عالمی وباء کورونا کے مسئلے کے پیشِ نظر کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائے گی جس سے کسی دشواری کا اندیشہ ہو اور اس عنوان سے ہم ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں گے۔