امامیہ آرگنائزیشن کی جانب سے آئی ایس او کے مرکزی صدر کے اعزاز میں عشائیہ
شیعہ نیوز:امامیہ أرگنائزیشن پاکستان لاہور ریجن کی جانب سے امامیہ اسٹوڈنٹس أرگنائزیشن پاکستان کے نومنتخب مرکزی صدر کے اعزاز میں امامیہ أرگنائزیشن کے مرکزی دفتر العصر اسلامک سنٹر اسلامپورہ لاہور میں عشائیہ دیا گیا۔ اس موقع پر آئی او کے سابق چیئرمین حسنین جعفر زیدی، افسر رضا خان، لال مہدی خان سمیت دیگر رہنما جبکہ امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی سابق کابینہ کے ارکان بھی موجود تھے۔ حسنین جعفر زیدی نے کہا کہ آئی او کی یہ روایت ہے کہ ہماری طرف سے آئی ایس او کے نومنتخب مرکزی صدر کے اعزاز میں عشائیہ دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی او اور آئی ایس او کا نصب العین اور مقاصد ایک جیسے ہی ہیں، اور الہیٰ تنظیموں کے درمیان رابطے اہداف کے حصول میں معاون و مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔ آئی ایس او پاکستان کے نومنتخب مرکزی صدر حسن عارف نے بھی آئی او کے رہنماوں کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں الہیٰ تنظیمیں راہ خدا میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ رہیں گی۔ اس موقع پر افسر رضا خان، لال مہدی خان سمیت دیگر رہنماوں نے بھی اظہار خیال کیا اور باہمی تعاون کے فروغ پر گفتگو کی۔