کراچی میں گندگی کے ڈھیر نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی، علامہ ناظر تقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی کہ وہ کراچی کے مسائل پر خصوصی توجہ کرتے ہوئے انہیں جلد از جلد حل کرنے کیلئے اقدامات کریں۔
زرائع کے مطابق صوبائی میڈیا سیل سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی کا کہنا تھا کہ شہر قائد میں آج بھی جگہ جگہ قربانی کے جانوروں کی الائشیں پڑی ہیں، تعفن کی وجہ سے شہریوں کا گھر سے باہر نکلنا عذاب ہوگیا ہے، آپس کی سیاسی لڑائی نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ کراچی شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، پاکستانی معیشت کی شہ رگ اور سب سے بڑے شہر کی عوام طرح طرح کی مہلک بیماریوں میں مبتلا ہو رہی ہے، یہاں کے باسیوں کے ساتھ ملک کی تمام جماعتیں سوتیلا سلوک کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام اضلاع میں مختلف عوامی مقامات پر گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، جن سے خطرناک بیماریاں جنم لے رہی ہیں، اس گھمبیر صورتحال کی اصل وجہ روزانہ کی بنیادوں پر کچرے کا نہ اٹھنا اور ہفتوں تک اس کا پڑے رہنا ہے، جس سے بیماریاں پھیلنا معمول بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی شہری اور صوبائی حکومت کی آپسی لڑائی میں کراچی کی عوام پس رہی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی کہ وہ کراچی کے مسائل پر خصوصی توجہ کرتے ہوئے انہیں جلد از جلد حل کرنے کیلئے اقدامات کریں۔