
فلسطین کے اسکولوں پر وحشیانہ حملے میں امریکی بم استعمال کئے جانے کا انکشاف
شیعہ نیوز: اسرائیل نے خان یونس کے اسکولوں پر وحشیانہ حملے میں امریکی بم استعمال کئے ہیں۔
سی این این نے ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ اس چینل کے توسط سے انجام دی گئی تحقیقات کے مطابق صیہونی حکومت نے جنوبی غزہ میں واقع خان یونس کے اسکولوں پر امریکی ساخت کے بم گرائے ہيں۔
سی این این کی اس رپورٹ کے مطابق منگل کو ان اسکولوں پر کی گئی بمباری میں کہ جن میں فلسطینی پناہ گزیں رہائش پذیر ہیں، تیس سے زيادہ فلسطینی شہید اور دسیوں دیگر زخمی ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ کے عوام کے خلاف صیہونی جنگ کے آغاز سے اب تک 466 لبنانی شہید
سی این این چینل نے اس سے پہلے بھی وسطی غزہ کے النصیرات کیمپ میں ایک اسکول پر بمباری سے متعلق ویڈیو کا جائزہ لینے کے بعد ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ یہ حملہ بھی امریکی ساخت کے ہتھیاروں سے کیا گيا تھا، اس حملے میں بھی چالیس سے زيادہ فلسطینی خاک و خون میں غلطاں ہوگئےتھے۔
صیہونی حکومت نے منگل کو جنوبی غزہ میں واقع خان یونس کے مشرقی علاقے عبسان کے ایک اسکول پر حملہ کیا جس میں تیس سے زيادہ افراد شہید ہوئے ہيں- اس اسکول میں فلسطینی پناہ گزیں، پناہ لیئے ہوئےتھے۔
درایں اثنا وال اسٹریٹ جرنل نے جمعرات کو ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ جو بائيڈن حکومت پانچ سو پاؤنڈ یعنی تقریبا دو سو ستائیس کیلو گرام کے بھاری بموں کو صیہونی حکومت کے اختیار میں دے رہی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق امریکی بم، نقل و حمل کے مرحلے میں ہیں اور آئندہ ہفتوں میں مقبوضہ فلسطین تک پہنچ جائيں گے۔