
ایران نے جوہری تنصیبات بحال کرنے کی کوشش کی تو دوبارہ حملہ کرینگے، ڈونلڈ ٹرمپ
دی ہیگ میں جاری نیٹو سمٹ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران میں تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں جو سب کیلئے اہم ہیں، ایران میں فردو جوہری سائٹ تباہ کر دی اور فردو جوہری سائٹ پر اب تباہی کے سوا کچھ نہیں، جنگ بندی ایران کیلئے بھی فتح ہے ان کا ملک بچ گیا، ایرانی حملوں سے اسرائیل میں عمارتیں تباہ ہوئیں
شیعہ نیوز: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران نے جوہری تنصیبات بحال کرنے کی کوشش کی تو دوبارہ حملہ کریں گے۔ دی ہیگ میں جاری نیٹو سمٹ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کی تھوڑی بہت خلاف ورزی ہوئی تھی تاہم اب اسرائیل ایران جنگ بندی پر اچھے سے عمل ہو رہا ہے، سیز فائر کے بعد میرے کہنے پر اسرائیلی طیارے واپس آگئے تھے، اسرائیل کا جنگ سے پیچھے ہٹنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں جو سب کیلئے اہم ہیں، ایران میں فردو جوہری سائٹ تباہ کر دی اور فردو جوہری سائٹ پر اب تباہی کے سوا کچھ نہیں، جنگ بندی ایران کیلئے بھی فتح ہے ان کا ملک بچ گیا، ایرانی حملوں سے اسرائیل میں عمارتیں تباہ ہوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کو کسی صورت یورینیئم افزودگی کی اجازت نہیں دی جاسکتی، اب ایران طویل عرصے تک ایٹمی مواد نہیں بنا سکے گا اور ایران کے لئے اب جوہری ہتھیار بنانا بہت مشکل ہے۔ صحافی کے سوال پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے ایران پر حملہ کر کے جنگ ختم کر دی، اب اگر ایران یورینیئم افزودگی کا پروگرام دوبارہ شروع کرے تو اس پر پھر حملہ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ماسکو ایئرپورٹ: وحشی اسرائیلی آبادکار کا کمسن ایرانی بچے پر قاتلانہ حملہ
غزہ سے متعلق بات کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ غزہ کے معاملے پر بھی بڑی پیش رفت ہو رہی ہے۔ اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ امریکی حملے کے بعد اب ایران ایٹمی ہتھیار بنانے سے بہت دور ہے، امریکی صدر کے اقدام سے ایران کے جوہری پروگرام کو کافی حد تک بلکہ زیادہ نقصان پہنچا ہے جس کی مزید تفصیلات لے رہے ہیں۔
سمٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل نیٹو نے کہا کہ ٹرمپ نے نیٹو ممالک کو دفاعی اخراجات بڑھانے پر آمادہ کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا آغاز ہونے کا اعلان کیا تھا، ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ جنگ بندی کا آغاز ہوگیا ہے برائے مہربانی جنگ بندی کی خلاف ورزی نہ کریں۔