دہشتگردوں کیخلاف موثر آپریشن شروع کیا جائے، صاحبزادہ حامد رضا
xشیعہ نیوز:متحدہ علماء بورڈ پنجاب اور سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو دہشتگردوں کی سرپرستی کرنیوالے ممالک، نام نہاد مذہبی جماعتوں اور مدارس کے ناموں سے آگاہ کرے۔ حکومتی نااہلی کے باعث دہشت گرد پھر سر اٹھا رہے ہیں۔ جہاد کو ایمان کا لازمی حصہ تصور کرتے ہیں، لیکن اپنے بھائیوں کے گلے کاٹنے، مساجد میں بم دھماکے کرنے اور افواج پاکستان پر حملوں والا جہاد قبول نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے ترجمان ارشد مصطفائی کی رہائش گاہ پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ جن دہشتگردوں نے پاکستانی فوج کیخلاف غیر ملکی ہتھیار اٹھا رکھے ہیں اور جو لوگ خودکش حملوں اور بم دھماکوں کے ذریعے بیگناہ لوگوں کو لقمہ اجل بنا رہے ہیں، ان کیخلاف فوری آپریشن کیا جائے۔ دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن ردالفساد جاری رہنا چاہیئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا حکومت بتلائے کہ دہشت گردوں کو کن کن ممالک سے مالی امداد فراہم کی جاتی ہے اور ان کے پاس کن ممالک کا اسلحہ ہے۔ اسلام میں خودکش حملے حرام اور بے گناہ انسانوں کا قتل ناحق کرنے والے جہنمی ہیں۔ بے گناہ مسلمانوں اور معصوم انسانوں کو قتل کرنا فساد فی الارض اور بہت بڑا فتنہ ہے، جس کے نتیجے میں اسلام بدنام اور پاکستان کمزور ہو رہا ہے۔