اسلامی تحریکیں

الیکشن کمیشن نے ن لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم کو سپورٹ کیا، سراج الحق

شیعہ نیوز: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ن لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم کو سپورٹ کیا، سب کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ نہ تھی، یہ عوام، ووٹرز کیساتھ زیادتی تھی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ جعلی الیکشن کے نتیجہ میں جو حکومت بنے گی وہ بھی جعلی ہوگی، عالمی اداروں اور میڈیا نے بھی الیکشن پر سوالات اٹھا دیئے، ان انتخابات سے مزید عدم استحکام پیدا ہوگا، پولرائزیشن بڑھا دی گئی، الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے کی آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں مکمل ناکام ہوا۔ امیر جماعت نے الیکشن نتائج کو جعلی اور دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے الیکشن کمشنر کے فوری استعفیٰ اور تحقیقات کیلئے آزاد اور غیر جانبدار کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔ منصورہ لاہور میں مرکزی لیڈر شپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں جماعت اسلامی کا مینڈیٹ چرایا گیا۔ تمام آزاد سرویز کے مطابق شہر کراچی میں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا، ایم کیو ایم کہیں موجود نہ تھی لیکن عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالتے ہوئے اسے جتوایا گیا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بلوچستان سمیت دور دراز علاقوں سے نتائج وصول ہو رہے تھے، ملک کی تجارتی شہ رگ اور اہم ترین شہر کے رزلٹ روک کر جعلسازی کی گئی اور چوتھے پانچویں نمبر پر موجود پارٹی کو پہلے نمبر پر لاکھڑا کیا گیا، کراچی کے عوام اس جعلسازی کو قبول نہیں کریں گے، جماعت اسلامی اس کیخلاف بھرپور احتجاج کر رہی ہے، الیکشن کمیشن نے نتائج کو درست نہ کیا تو احتجاج کو اس کے ہیڈ آفس اسلام آباد تک وسیع کر سکتے ہیں، آزاد امیدوار بھی ہمارے ساتھ مظاہرے میں شریک ہونا چاہیں تو خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ کراچی جا رہے ہیں جہاں وہ جماعت کے مقامی قائدین، کارکنان اور شہریوں سے مل کر لائحہ عمل تشکیل دیں گے۔ نائب امرا لیاقت بلوچ، راشد نسیم، ڈاکٹر فرید پراچہ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کراچی روانہ ہوگئے اور کہا کہ دھاندلی کیخلاف احتجاج کی قیادت خود کروں گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button