غزہ اور لبنان میں جنگ روکنے کی امیر قطر کی عالمی برادری پر تنقید
شیعہ نیوز: امیر قطر نے علاقے کی جنگ روکنے میں عالمی براداری کی ناکامی کو ہدف تنقید بنایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امیر قطر تمیم بن حمد آل ثانی نے سوشل نیٹ ورک ایکس پر لکھا کہ غزہ کے خلاف صیہونی حکومت کی جنگ روکنے میں عالمی برادری کی شکست و ناکامی، جنگ کا دائرہ وسیع کرنے کے لئے ہری جھنڈی دکھانے کے مترادف ہے۔
لبنان کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے قطر کے امیر نے کہا کہ قطر، اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت کے مقابلے میں لبنانی عوام کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شہدائے غزہ کی تعداد بڑھ کر 41 ہزار 788 ہوگئی
قطر کے امیر نے دوحہ میں ایشین کو آپریشن ڈائیلاگ فورم کے اجلاس میں تناؤ کو کم کرنے اور ممالک کی خودمختاری اور ان کی علاقائی سالمیت کا احترام کرنے کی کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
تمیم بن حمد آل ثانی نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ نسل کشی ہے۔
قطر کے امیر نے لبنان کے خلاف جارحیت کو روکنے کےلیے عالمی برادری کے اقدامات پر بھی زور دیا اور کہا کہ قطر فلسطینی قوم کے جائز حقوق کے حصول کے لیے ان کا حمایتی رہے گا۔