مشرق وسطی

امارات اور بحرین کے حکمرانوں نے القدس کے ساتھ غداری کی، حماس

شیعہ نیوز : اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے اور صیہونی ریاست کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کی سازش کو مسترد کردیا ہے۔

حماس کا کہنا ہے کہ امریکہ کی سرپرستی میں اسرائیل کو تسلیم کرنے والے اماراتی اور بحرینی حکمران غدار اور خائن ہیں۔ انہوں نے فلسطینی قوم اور القدس کے ساتھ غداری اور خیانت کی ہے۔ تاریخ ان کے اس جرم کو معاف نہیں کرے گی۔

حماس کے ترجمان سامی ابو زھری نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل کے ساتھ امن معاہدوں کی منظوری دشمن کی صفوں میں شامل ہو کر فلسطینی قوم کے دیرینہ حقوق کو دبانے میں ان کی مدد کرنا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس بحرین اور امارات کے حکمرانوں کو خائن سمجھتی ہے۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین کے ساتھ غداری اور بدعہدی کا ارتکاب کیا ہے۔ وہ امن امن کا ڈھنڈروا پیٹتے ہیں مگر دراصل وہ ایک امن دشمن قوت کے آلہ کار بن رہے ہیں۔

دوسری جانب فلسطینی عوام نے بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کر کے عرب امارات اور بحرین کی جانب سے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ سازشی معاہدے کی مذمت کی۔

رپورٹ کے مطابق فلسطینی عوام نے طولکرم ، الخلیل ، نابلس، رام الله اور دیگر شہروں میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کر کے عرب امارات، بحرین اور غاصب صیہونی حکومت کے مابین سازشی معاہدے کی مذمت کی اور اسے فلسطینی قوم کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے اور تسلط پسندی کو جاری رکھنے کیلئے اسرائیل کو گرین سگنل دینے سے تعبیر کیا۔ مظاہرین نے جن کے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز تھے اسرائیل ،امریکہ،عرب امارات اور بحرین کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔

بحرین میں بھی اسرائیل اور بحرین کے مابین سازشی معاہدے کے خلاف اس ملک کے عوام نے احتجاج کیا اور اس معاہدے کی مذمت کی۔

قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور مشیر جیرڈ کوشنر نے رواں ماہ کے اوائل میں سعودی عرب، قطر، بحرین اور عمان کا دورہ کیا تھا جس کا مقصد خطے کے ممالک کو اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی برقراری کے لیے آمادہ کرنا تھا۔

اب تک متحدہ عرب امارات اور بحرین نے اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات کا اعلان کر دیا ہے جبکہ اس سے پہلے تک فلسطینی امنگوں کے برخلاف ان ممالک نے اسرائیل کے ساتھ حفیہ روابط قائم کر رکھے تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button