اقوام متحدہ کے خواتین کمیشن سے اسرائیل کو نکالے جانے پر زور
شیعہ نیوز: خواتین کے امور میں صدر ایران کی معاون انسیہ خزعلی نے اقوام متحدہ کے خواتین کمیشن سے غاصب صیہونی حکومت کو نکال باہر کئے جانے کا مطالبہ کیا۔خواتین اور گھرانے کے امور میں صدر ایران کی معاون انسیہ خزعلی نے، جو اقوام متحدہ کے خواتین کمیشن کے 68 ویں اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک کے دورے پر ہیں، نامہ نگاروں سے گفتگو میں ایران کی جانب سے اس اجلاس میں پیش کئے جانے والے مسائل و موضوعات کے بارے میں کہا ہے کہ عام طور سے مختلف ممالک کی جانب سے اس اجلاس میں عورتوں کی صورت حال کے بارے میں رپورٹ پیش کی جاتی ہے اور ہم بھی ایران میں خواتین کی صورت حال کے بارے میں رپورٹ پیش کریں گے۔
انہوں نے اسی طرح عالمی سطح پر خواتین کے حالات اور انہیں درپیش مسائل خاص طور سے غزہ کی صورت حال کو زیر بحث موضوعات کا حصہ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ امید ہے کہ تمام ممالک متحدہ طور پر خواتین کے حقوق کی خلاف ورزی پر غاصب صیہونی حکومت کی مذمت کریں گے اور اقوام متحدہ کے خواتین کمیشن سے غاصب صیہونی حکومت کو نکال باہر کئے جانے کے مسئلے کو انجام تک پہنچائیں گے۔ اس سے قبل اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندہ دفتر نے غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں 9000 سے زائد فلسطینی خواتین کے قتل عام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے خواتین کمیشن سے غاصب صیہونی حکومت کو نکال باہر کئے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔