
یورپی یونین کا اسرائیل سے غزہ کی ناکہ بندی ختم کرنے اور جنگ روکنے کا مطالبہ
شیعہ نیوز: یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ کایا کالس نے غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کی مکمل ناکہ بندی کی مذمت کی ہے۔
پیر کو پریس بیانات میں کالس نے غزہ میں جانی نقصان اور تباہی کے عالم میں فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
کالس نے اسرائیل سے غزہ کو امداد کی فراہمی دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور مصائب کے خاتمے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ میں جنگ بند کرنے کے مطالبے میں مزید 150 اسرائیلی فوجی افسران شامل
غزہ میں سرکاری میڈیا آفس نے شہریوں کے خلاف جاری جارحیت اور نسل کشی کے جرائم کے درمیان، انسانی امداد کو کنٹرول کرنے اور غزہ کی پٹی میں 20 لاکھ سے زیادہ فلسطینیوں پر مزید فاقہ کشی اور ناکہ بندی کی پالیسیاں مسلط کرنے کے لیے خطرناک اسرائیلی منصوبوں کے بارے میں خبردار کیا۔
سرکاری میڈیا نے تصدیق کی کہ قابض اسرائیل نے ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصے سے کراسنگ کو مکمل طور پر بند کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، خوراک، ادویات اور پناہ گاہوں کے سامان کے داخلے کو روک رکھا ہے۔ یہ پابندیاں بین الاقوامی انسانی قانون اور جنیوا کنونشنز کی صریح خلاف ورزی ہے۔
قابض افواج نے 18 مارچ 2025 کو صبح سویرے غزہ کی پٹی پر اپنی جارحیت کی تجدید کی، غزہ کی پٹی پر فضائی حملے کیے، جس کے نتیجے میں 1,613 سے زائد شہری شہید اور 4,233 دیگر زخمی ہوئے۔