
یورپی ممالک نے انتہا پسند صیہونی وزراء کے خلاف پابندیوں کا اعلان کر دیا
شیعہ نیوز: آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، ناروے اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ بیان میں صیہونی رژیم کی داخلی سلامتی کے وزیر بن گوئیر اور وزیر خزانہ سموٹریچ کے خلاف پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سموٹریچ اور بن گوئیر فلسطینیوں کے خلاف تشدد اور قتل عام کے ذمہ دار ہیں اور مغربی کنارے میں آباد کاروں پر تشدد فلسطینیوں کے انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم غزہ میں شہریوں کی شدید تکالیف پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور دو ریاستی حل کے لیے پرعزم ہیں۔”
دوسری جانب برطانوی سیکرٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا: ہم نے بن گوئیر اور سموٹریچ کو انتہا پسندانہ تشدد پر جوابدہ ٹھہرانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں وزیروں نے فلسطینی انسانی حقوق کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزی کرتے ہوئے اشتعال انگیز کارروائیاں کیں۔
ڈیوڈ لیمی نے مزید کہا کہ ہم غزہ میں فوری جنگ بندی اور حماس کے زیر حراست اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے خواہاں ہیں۔
دوسری جانب ناروے کے وزیر اعظم یونس گاہر ستورا نے بھی کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی کابینہ کی پالیسی سے امن و سلامتی قائم نہیں ہوتی۔ غزہ میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے۔
فرانسیسی وزارت خارجہ نے بھی اعلان کیا کہ ہم اسرائیلی کابینہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری اور وسیع پیمانے پر امداد کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے۔