یورپی پارلیمنٹ کا بھارت سے کشمیر میں کرفیو ختم کرنے کا مطالبہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) بیلجیئم کے شہر برسلز میں ہونے والے یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے اجلاس میں بھارت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر سے فوری طور پر کرفیو اٹھا لے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے حصے میں ایک اور سفارتی کامیابی تب آئی جب برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی کا اجلاس ہوا اور اس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔
یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو نہ صرف تشویشناک قرار دیا بلکہ بھارت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر سے فوری طور پر کرفیو اٹھائے۔
ارکان نے مقبوضہ وادی میں بھارتی انتظامیہ کے رویے کو قابل مذمت قرار دیا اور بھارت سے مطالبہ کیا کہ کشمیر کے معاملے میں پاکستان سے فوری طور پر مذاکرات کرے۔
مقبوضہ کشمیر کے حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے انسانی حقوق کمیٹی کی چئیرپرسن ماریہ ایرینا نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال بہت خراب ہے۔
اس سے قبل بھارت نے اس اجلاس کو رکوانے کی بھرپور کوشش کی۔ بھارت کے وزیرخارجہ ایس جے شنکر ہنگامی دورے پر برسلز پہنچے جہاں انہوں نے یورپی یونین کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی تاہم انہیں کامیابی حاصل نہ ہو سکی اور بھارتی وزیر خارجہ 4 گھنٹے کی ناکام کوششوں کے بعد واپس چلے گئے۔