14 سال بعد بھی سانحہ عاشورہ کراچی کے شہداء کے ورثا کو انصاف نہیں مل سکا، علامہ شبیر میثمی
شیعہ نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مر کزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی کا کہنا ہے کہ 14 سال سے زائد عرصے کا وقت گزرنے کے باوجود سانحہ عاشورہ کراچی کے شہداء کے ورثا کو انصاف نہیں مل سکا، 14 سال سے مظلوم انصاف کے منتظر ہیں، سانحہ بسری کوہستان، چلاس اور بابوسر ٹاپ میں جس طرح پے درپے سانحات ہوئے اور جس طرح شناخت کرکے ظالمانہ طریقے سے ایک خاص مسلک کے مسافرین کو شہید کیا گیا ظلم کی ایسی مثال دنیا میں کم ہی ملتی ہیں، جس معاشرے سے انصاف ناپید ہوجائے وہاں معاشر ے پستی کی جانب دھکیل دیئے جاتے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک توقف کے بعد دہشتگردی پھر سر اٹھا رہی ہے جس کی بنیادی وجہ ان دہشت گردوں کی نرسریوں کو ختم نہ کرنا ہے، جس معاشرے سے عدل و انصاف رخصت ہوجائے وہاں معاشرت کیساتھ معیشت و داخلی استحکام بھی تباہ ہوجاتے ہیں لہٰذا انصاف ریاستوں، معاشروں اور تہذیبوں میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، حکمران عوام کے جان و مال کے تحفظ کویقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں اور معاشرے میں نفرت و قتل و قتال پھیلانے والے عناصر کی صحیح معنوں میں سرکوبی کریں، تب ہی ملک میں پائیدار امن بھی قائم ہوگا اور مظلوموں کو انصاف بھی ملے گا۔