آخرکار ہندوستان بھی طالبان سے مذاکرات پر مجبور ہوگیا
شیعہ نیوز:یہ پہلی بار ہے جب طالبان کے ذریعے افغانستان پر قبضہ کئے جانے کے بعد ہندوستان نے باضابطہ طور پر اس گروہ سے گفتگو کی ہے۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ نے بتایا کہ 31 اگست کو قطر میں ہندوستان کے سفیر دیپک متل نے طالبان کے دوحہ سیاسی دفتر کے سربراہ شیر محمد عباس سے ملاقات کی ہے۔
ہندوستان کا کہنا ہے کہ گفتگو، طالبان کی درخواست پر دوحہ میں واقع ہندوستان کے سفارخانے میں ہوئی۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں یہ بھی بتایا گیا کہ طالبان رہنماؤں اور ہندوستانی سفیر کے درمیان افغانستان میں پھنسے ہندوستانی شہریوں کی سیکورٹی اور ان کی جلد از جلد ہندوستان واپسی کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہندوستان نے ایسے افغان شہریوں خاص طورپر اقلیت کو جو ہندوستان جانا چاہتے ہیں، ان کے موضوع پر بھی گفتگو کی۔
اس کے علاوہ ہندوستان کے سفیر نے افغانستان کی سرزمین کو ہندوستان کے خلاف استعمال یا دہشت گردی کے لئے استعمال کئے جانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
اس مذاکرات میں طالبان کے نمائندے نے انہیں سبھی مسائل پر یقین دہانی کرائی اور کہا کہ انہیں مثبت طریقے سے حل کیا جائے گا۔