
دشمن کی ہرطمع کا محکم جواب دیا جائے گا، ایرانی وزیر دفاع
شیعہ نیوز: ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوانوں کے ہوتے ہوئے، دشمن کے خوف کی کوئی جگہ نہیں ہے اور دشمن کی ہر طمع کا بہت محکم جواب دیا جائےگا۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر دفاع بریگیڈیئر پائلٹ عزیز نصیرزادہ نے منگل کو مسلح افواج کے سترھویں حضرت علی اکبر فیسٹیول میں جوانوں سے خطاب میں کہا کہ آپ نے جو فوجی وردی زیب تن کی ہے، درحقیقت اس مقدس لباس کے ساتھ آپ نے غیرت اور دلاوری کے میدان میں قدم رکھا ہے اور اپنے ملک، ناموس، اور ملی ودینی اقدار کا دفاع کررہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ان غیور جوانوں کے ہوتے ہوئے دشمن کی ہر طمع اور جارحانہ حماقت کا محکم جواب دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : سید مقاومت کے دیرینہ ساتھی شہید سید ہاشم صفی الدین کو سپردخاک کردیا گیا
ایرانی وزیر دفاع نے کہا کہ ہمارے یہ بہادر جوان خطرات میں مواقع تلاش کرتے ہیں اور دشمن کا بھرم خاک میں ملانے کا عزم رکھتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہمارے غیور جوان،اپنے ملک کی سرزمین کے ہی محافظ نہيں ہیں بلکہ اس سرزمین کی تہذیب وثقافت اور ملی اقدار کے پاسدار بھی ہیں اور اپنی شجاعت اور ایمان کے اسلحے کے ساتھ ہر خطرے کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ڈٹے ہوئے ہیں۔
ایرانی وزیر دفاع بریگیڈیئر عزیز نصیرزادہ نے کہا کہ ہمارے یہ جوان بصیرت، ذہانت اور علم و دانش کے زیور سے اراستہ ہیں اور ان کے ہوتے ہوئے، ایران عزیز، بدخواہوں کے سنگ جارحیت اور نمرودیوں کی تیر عداوت سے محفوظ رہے گا اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کے فرمان کے مطابق ترقی و پیشرفت کی بلند ترین چوٹیاں سر ہوں گی۔
انھوں نے کہا کہ ایران، شہید جنرل قاسم سلیمانی، غفوری اور صیاد شیرازی جیسی تاریخ ساز ہستیوں کا ملک ہے اور ہمارے جوان روایتی جنگوں کی طرح شناخت اور ادراک کی جنگ میں بھی دشمن کو شکست دیں گے۔