
لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے چلائی جانے والی ہر تحریک کی حمایت کی جائے گی، علامہ حسن ظفر نقوی
شیعہ نیوز:معروف عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ لوگوں کو لاپتہ کردیا جائے اور ان کے وارث آواز بھی بلند نہ کریں، لاپتہ افراد لاوارث نہیں ہیں کہ ان کیلئے آواز نہیں اٹھائی جائے گی، رات کی تاریکی میں چادر اور چار دیواری کی حرمت پامال کی جاتی ہے اور والدین کے سامنے ان کے بچوں کو مارتے پیٹتے اٹھایا جاتا ہے اور پھر لاپتہ افراد کی فہرست میں ڈال دیا جاتا ہے۔
العارف اکیڈمی میں نشست سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حسن ظفر نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان میں قانون کا اس طرح مذاق اڑایا جاتا ہے جس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی اس کا نتیجہ اچھا نہیں نکل رہا، عام آدمی کا اعتبار اداروں سے اٹھتا جارہا ہے، لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے چلائی جانے والی ہر تحریک کی حمایت کی جائے گی اور کسی بھی صورت میں لاپتہ افراد کے ورثا کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔