شدت پسند اسرائیلی فلسطینیوں کو نکال کر گریٹر اسرائیل بنانا چاہتے ہیں، پاکستان
شیعہ نیوز: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کیلئے پاکستان اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اجلاس میں تجاویز پیش کرے گا۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطین کو اوپن پریزن بنائے رکھا، اسرائیل نے پہلے ایک طریقے سے فلسطین پر قبضہ کیا اور اب دوسرے طریقے سے قبضہ کر رہا ہے۔ منیر اکرم نے بتایا کہ پہلے جب اسرائیل نے قبضے کی کوشش کی تو وہاں گوریلا جنگ شروع ہوگئی، آگے جاکر اگر قبضہ ہوتا ہے تو دیکھتے ہیں کہ وہ کیسے کرسکیں گے، کیونکہ اسرائیل کے شدت پسند رہنماء چاہتے ہیں کہ غزہ اور مغربی کنارے میں موجود فلسطینیوں کو نکالا جائے اور اس خطے پر قبضہ کرکے گریٹر اسرائیل بنایا جائے۔
پاکستانی مندوب کا کہنا تھا دیکھنا ہوگا کہ اس جنگ کے بعد اسرائیل میں کونسی لیڈر شپ آتی ہے، کیونکہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ نیتن ہایو ناکام ہوچکے ہیں، اگر اسرائیل میں جدت پسند سوچ کی حامل قیادت آتی ہے تو شاید بات مذاکرات کی طرف چلی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کیلئے پاکستان او آئی سی میں تجاویز پیش کرے گا، جو صورتحال کشمیر میں ہے، وہی صورتحال فلسطین میں ہے، اس لیے ہم نے فلسطین کے معاملے پر لیڈ لی ہے اور انصاف کیلئے ہماری کوشش جاری رہے گی۔