اہم پاکستانی خبریں

فہمیدہ مرزا اور ذوالفقار مرزا کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

شیعہ نیوز: سابق اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور ان کے شوہر سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں ذوالفقار مرزا اور اہلیہ فہیمیدہ مرزا کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف سماعت ہوئی۔ دوران سماعت اعتراض کنندہ کے وکیل، نجی بینک اور درخواست گزار کے وکیل بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ بعدا ازاں عدالت نے سماعت کرتے ہوئے فہمیدہ مرزا اور ذوالفقار مرزا کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواستیں منظور کرلیں۔ اس سے قبل 15 جنوری کو عدالت نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور ان کے شوہر سابق وزیر داخلہ سندھ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے تھے۔ 13 جنوری کو ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور ان کے شوہر ذوالفقار مرزا نے الیکشن ٹربیونل کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں آئینی درخواستیں دائر کردیں تھی۔

اس سے قبل 8 جنوری کو الیکشن ٹربیونل نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور ان کے شوہر کی اپیلیں مسترد کرتے ہوئے ریٹرننگ افسرکا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔ اس موقع پر فہمیدہ مرزا کے وکیل نے دلائل دیئے تھے کہ اعتراض کنندہ کو اعتراضات دائر کا حق حاصل نہیں ہے۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی کے وکیل نے مؤقف اپنایا تھا کہ اعتراض کنندہ کا تعلق متعلقہ حلقے سے نہیں ہے۔ دلائل سننے کے بعد الیکشن ٹریبونل نے فہمیدہ مرزا اور ذوالفقار مرزا کی اپیلیں مسترد کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کا کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔ واضح رہے کہ این اے 233 بدین سے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا اور فہمیدہ مرزا نے ریٹرننگ افسر کی جانب کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے پر الیکشن ٹربیونل سے رجوع کیا تھا۔ ڈاکٹر فہمیدا مرزا اور ذوالفقار مزرا کے خلاف پیپلز پارٹی کی سعدیہ جاوید نے اعتراضات دائر کئے تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button