
بھارت فالس فلیگ آپریشن کے لیے ڈرامے کی تیاری کر رہا ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ترجمان افواج پاکستان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارتی فوجی کمانڈرز کے غیر ذمہ دارانہ بیانات ان کی مایوسی کا اظہار ہے۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ دراندازی کا الزام مس ایڈونچر کےلیے بہانہ تلاش کرنے کی کوشش ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ بھارت ایک اور فالس فلیگ آپریشن کے لیے ڈرامے کی تیاری کر رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا غیر سنجیدہ بیان کشمیر میں صورتحال پر قابو پانے میں ناکامی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے اور دراندازی کا الزام مس ایڈونچر کے لیے بہانہ تلاش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ترجمان افواج پاکستان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے مبینہ کیمپوں کا الزام فالس فلیگ آپریشن کے لیے بہانہ ہے، جس کی کوشش کے علاقائی امن پر سنگین نتائج مرتب ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج کسی بھی جارحیت یا مس ایڈونچر کا ہر قیمت پر بھرپور جواب دیں گی۔