اہم پاکستانی خبریں

ایران سے بغیر پابندیوں والی گیس خریدنا چاہتے ہیں، وفاقی وزیر مصدق ملک

شیعہ نیوز: وفاقی وزیرِ پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ ایران سے ترکی اور عراق کی طرح بغیر پابندیوں والی گیس خریدنا چاہتے ہیں، ایران سے پابندیوں کا مسئلہ حل کرنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیرِ پیٹرولیم مصدق ملک نے پاکستان انرجی سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں توانائی کی مناسب قیمت پر بلا تعطل فراہمی ہے، حکومت توانائی کی فراہمی بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے بہت زیادہ مشکلات کا سامنا ہے، ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں کو روکنے کے لیے کام کرنا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان سالانہ 18 ارب ڈالرز سے زائد توانائی کی درآمدات میں لگا رہا ہے، ہم ملک میں تیل و گیس کی تلاش کا کام تیز کر رہے ہیں، غیر ملکی کمپنیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کے لیے خوش آمدید کہتے ہیں۔

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ تیل و گیس کی تلاش میں سرمایہ کاری کو انتہائی آسان بنا دیا گیا ہے، تیل و گیس کی تلاش کے لیے معلومات اور اجازت ناموں کو ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد، پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن پر حملہ، چہرہ زخمی

انہوں نے بتایا کہ افغانستان کی صورتِ حال کے باعث پائپ لائن میں تاخیر ہوئی، وسطی ایشیاء کی گیس گوادر میں ایل این جی میں منتقل کر کے دنیا بھر میں فروخت کی جا سکتی ہے۔

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں گرمیوں میں بجلی کی طلب 35 ہزار میگا واٹ تک ہوتی ہے، موسمِ سرما میں بجلی کی طلب کم ہو کر 10 ہزار میگا واٹ ہو جاتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بجلی کے ٹیرف میں کمی کے لیے مختلف تجاویز پر کام کیا جا رہا ہے، ایفیشنٹ پاور پلانٹس کو مقامی گیس کی فراہمی سے بجلی کی لاگت 12 روپے فی یونٹ تک آ جائے گی۔

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ اگر ایفیشنٹ پاور پلانٹس کو ایل این جی پر چلائیں تو بجلی کا یونٹ 24 روپے کا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیس کے شعبے میں چوری و نقصانات کافی زیادہ ہیں، سوئی سدرن میں بلوچستان کے حالات کے باعث گیس نقصانات بڑھے ہیں، شہری علاقوں میں گیس کی چوری روکنے کے لیے جدید نظام لایا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم مصدق ملک کا مزید کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں گیس نیٹ ورک کی ٹیکنالوجی کی مدد سے مکمل نگرانی کی جائے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمارے پاس قابلِ تجدید توانائی کے وسیع وسائل ہیں، ان سے فائدہ اٹھانا چاہیے، شمسی توانائی کی قیمت میں بہت کمی ہوئی ہے اس سے بھی فائدہ اٹھانا چاہیے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button