
مقبوضہ بیت المقدس کے جنگلات میں آگ بے قابو، صہیونی بستیاں خالی
شیعہ نیوز: مقبوضہ بیت المقدس کے جنگلات میں شدید آگ پھیل چکی ہے جس کی وجہ سے متعدد صہیونی بستیاں خالی کرائی جارہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، مقبوضہ بیت المقدس کے جنگلات میں لگنے والی آگ پھیلنے سے صہیونی حکومت نے بے بسی کے عالم میں صہیونی بستیوں کو خالی کرنا شروع کیا ہے۔ شدید آگ کے باعث صہیونی حکام نے ہنگامی حالت کا اعلان کردیا ہے۔
اسرائیلی اخبار یدیعوت آحارونوت نے لکھا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں مغربی جنگلات کا تقریبا 12 مربع کلومیٹر علاقہ جل کر خاکستر ہوچکا ہے۔ فائر بریگیڈ کے اہلکار مغربی کنارے کے شمالی علاقوں میں آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : جیکب آباد: انجمن محبانِ اہل بیت کے زیرِ اہتمام اہل غزہ سے اظہارِ یکجہتی کے لیے احتجاجی ریلی
عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق، آگ کے شدید پھیلاؤ اور اس پر قابو نہ پانے کے باعث مقبوضہ بیت المقدس کے اطراف کی متعدد صہیونی بستیوں میں بجلی منقطع ہوگئی ہے اور رہائشیوں کی نقل مکانی شروع کردی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق آگ کا پھیلاؤ اتنا شدید ہے کہ وہ غزہ کی پٹی کی سرحدوں کے قریب تک جاپہنچی ہے۔ صہیونی فوج کے ٹینکوں تک بھی آگ کے شعلے پہنچ گئے ہیں۔
اسرائیلی چینل 12 نے اطلاع دی ہے کہ آگ پر قابو پانے میں صہیونی حکومت کی ناکامی کے بعد فرانس نے اعلان کیا ہے کہ وہ آگ بجھانے کے لیے ایک طیارہ اسرائیل بھیجے گا۔ صہیونی حکومت نے دیگر ممالک سے بھی آگ پر قابو پانے کے لیے مدد طلب کرلی ہے۔