افغانستان سے فائرنگ، پاک فوج کے پانچ جوان شہید ہوگئے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاک افغان بارڈر پر دہشت گردوں نے سرحد پار سے فائرنگ کی ہے، جس کے نتیجے میں پانچ سکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے ضلع کرم میں پاک افغان بارڈر پر سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ سے 5سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔
شہداء میں لانس نائیک عجب نور، سپاہی ضیاء اللہ، سپاہی ناہید اقبال، سپاہی سمیر اللہ اور سپاہی ساجد علی شامل ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں لالچ اور ہوس کا راج، کالعدم ٹی ٹی پی کے کمانڈر رفیع کو اپنے ہی ساتھیوں نے مار ڈالا
آئی ایس پی آر کے مطابق لانس نائیک عجب نور کا تعلق کراچی، سپاہی ضیاء اللہ کا تعلق لکی مروت، سپاہی ناہید اقبال کا تعلق کرک، سپاہی سمیر اللہ کا تعلق بنوں اور سپاہی ساجد علی کا تعلق بہاولنگر سے ہے۔
سکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کی ہے، جس کے باعث دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال ہونے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ساتھ ہی امید ظاہر کی ہے کہ افغانستان کی عبوری حکومت ایسی سرگرمیوں کو روکے گی۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاک فوج ملکی سرحدوں کو دہشتگردی سے محفوظ رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بہادر جوانوں کی قربانیوں نے ہمارا عزم مزید پختہ کر دیا ہے۔