یہ فتنوں کا دور ہے، دشمن کھل کر سامنے آ چکا ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس نے لاہور میں منعقدہ ’’وحدت کانفرنس‘‘ سے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے لئے میلاد نبی(ص) عید بھی ہے، اگر آسمان سے آخری نبی(ص) آئے تو وہ کیوں عید کا دن نہیں ہوگا اس لئے ہمارے لئے ربیع الاول کا مہینہ برکتوں اورجشن کا مہینہ ہے۔ اسی طرح ان کی نسل سے تعلق رکھنے والے حضرت امام جعفر صادق علیہ اسلام کی تشریف آوری بھی اسی مہینے میں ہوئی ہے۔ دنیا میں سات کروڑ سے زائد سادات ہیں، تعلیمات اہلبیت(ع) کو دنیا میں پہنچانے میں انکا مرکزی کردار، عزت اور اہمیت اور شرف ہے، اس لئے ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارا تعلق رسول(ص) اور اہلبیت ؑسے ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس دور میں ہم ہیں اس کو سمجھنے کی ضرورت ہے یہ فتنوں کا دور ہے، دشمن کھل کر سامنے آ چکا ہے، نفاق کے چہرے سے پردہ ہٹ چکا ہے، حملہ آور چاہتا ہے کہ اپنے تسلط کو پوری امت مسلمہ پر نافذ رکھے لیکن قرآن کہتا ہے کہ دنیا کے فرعونوں کو تسلط پیدا نہیں کرنے دینا خواہ وہ کسی بھی قسم کا تسلط ہو، ان انسان دشمن درندوں، انسانیت کے قاتلوں کو اپنے اوپر مسلط نہیں ہونے دینا، حضرت علی علیہ السلام کی آخری وصیت تھی کہ ظالم کے دشمن اور مظلوم کے مدد گار بننا، اس دنیا میں ظالموں کا ایک گروہ ہے جس کا سربراہ امریکہ ہے، اس کے ساتھی مسلمانوں کی صفوں میں گھس بیٹھے ہیں جو اثر انداز ہوتا ہے، ہمارے درمیان تفرقہ پیدا کرتا ہے تاکہ ہم بٹ جائیں اور فاصلے پیدا ہو جائیں پھر یہ کہتا ہے کہ آپ امریکہ کو قبول کرلو، اس شیطان کے شیلٹر تلے آ جاؤ اسی میں فائدہ ہے۔
علامہ راجہ ناصرعباس نے کہا کہ امام خمینی خود سید زادہ ہیں جو دشمن کی سازشوں کو دیکھتے ہیں انہوں نے ہفتہ وحدت کا اعلان کرکے دشمن کو مایوس اور امت مسلمہ کو ایک کیا، ہماری عبادت گاہوں پر خون کی ہولی کھیلی گئی، یہ دشمن کے آلہ کار تھے جو وطن کو کمزور اور کھوکھلا کر رہے تھے ،اس کا مقابلہ ہم نے وحدت سے کیا اور آج وہ گلدستہ موجود ہے جس نے تکفیر اور دہشتگردی کو شکست دیکر امت کو اتحاد کی لڑی میں پرویا، ہمارا ظاہر اور باطن ایک ہے، ہم پاکستان بنانے والوں کی نسل سے تعلق رکھتے ہیں، ہمارے اسلاف نے پاکستان بنایا تھا، ہم ملے تھے پاکستان بن گیا، ہم نے اکٹھے ہوکر دشمنوں کو شکست دے ڈالی، ہم سب یہاں موجود ہیں ہم سب آگے بڑھیں گے، ہم میں کسی کے ہاتھ مظلوموں کے خون سے نہیں رنگے بلکہ ان کے ہم مخالف ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں لیکن جہاں قانون کی عملداری نہ ہو وہاں انصاف نہیں ملتا، کرپٹ کے گریبان پر ہاتھ ڈالنا آسان نہیں۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ عمران خان نے کرپٹ لوگوں کو پکڑنا شروع کیا تو ان پر یہودیوں کے ایجنٹ جیسے الزامات لگنا شروع ہو گئے، لیکن الزامات لگتے ہیں اور لگیں گے، دنیا میں ایک ہی فرعون، جلاد اور شمر ہے یہ سارے جلاد ہمارے لئے شمر ہیں، سارے لوٹنے والے شمر ہیں، سارے سیاسی فرعون جو مسلمانوں میں تفرقہ پیدا کرنا چاہتے ہیں، سارے ہی فرعون ہیں، لیکن ہم نے اکٹھے رہ کر آگے بڑھنا ہے ایک دوسرے کی توانائیوں سے استفادہ کرنا ہے،
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی وحدت کا پہلا مرحلہ یہ ہے کہ ہم دشمن کے مقابلے میں اکٹھے ہوکر اسے شکست دیں اور آخری مرحلہ یہ ہے کہ اسلامی تعلیمات اپنا کر پوری دنیا پر غالب آ سکتے ہیں، ان شاء اللہ یہاں ایسی شخصیات اور ان کی اولادیں موجود ہیں، ہم اس تمام سرمائے کو اکٹھا کرکے اس وطن کو ریاست مدینہ بنائیں گے، یہ سبز ہلالی پرچم والا پاکستان ہے یہ قائداعظمؒ کا پاکستان ہے، جس کے پاس سبز پاسپورٹ ہے وہ ہمارا بھائی ہے، یہ ہمارا رشتہ اللہ کے آخری نبیﷺ کی سنت کا رشتہ ہے یہ ہمیشہ مضبوط ہوگا اور اس ملک کی تقدیر بدل ڈالے گا۔
یاد رہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام ایوان اقبال لاہور میں ہفتہ وحدت کی مناسبت سے وحدت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا جس سے شیعہ سنی مسلک کے جید علما و زعماء نے خطاب کیا ، تقریب میں مہمان خصوصی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور تھے۔