
سیلاب طبعی آفت نہیں بلکہ انسانی جرم ہے، علامہ جواد نقوی
شیعہ نیوز: تحریک بیداری امت مصطفیٰ اور جامعہ عروۃ الوثقی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کہا ہے کہ سیلاب ہماری لئے بیداری کا پیغام لایا ہے، قوم کو اس پیغام پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس مصیبت کا سبب خدا نہیں، بلکہ ہمارے حکمران ہیں، جنہوں نے بارشوں کے پانی کو سنبھالنے کا کوئی انتظام نہیں کیا، یہ آفت حکمرانوں کی مس مینجمنٹ کی وجہ سے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب طبعی آفت نہیں بلکہ انسانی جرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصیبتیں بیدار کرتی ہیں کہ چوروں کو حکمران مت بناو، یہ سیلاب بھی قوم کو بیدار کرنے آیا ہے، کہ ان جیسے چوروں کو حکمران بناو گے تو وہ قوم کے تحفظ کا نہیں سوچیں گے، بلکہ انہیں اپنے بینک بیلنس عزیز ہوتے ہیں اور یہ اپنے اکاونٹ بھرنے کیلئے اقتدار میں آتے ہیں۔ علامہ جواد نقوی نے کہا کہ عوام بیدار ہو اور ان کی اصلیت پہچانے، قوم نے ان حکمران کے اب بے نقاب ہونیوالے چہرے پہچان لئے تو مستقبل میں بہتری آ سکتی ہے، اور اگر قوم دوبارہ ان حکمرانوں کے جھانسے میں آ گئی تو اس طرح بربادی قوم کو مقدر بنتی رہے گی۔