حکومت ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کاروائی کرے، اقتدار نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکمران بہت بلند بانگ دعوؤں کے بعد حکومت میں آئے تھے مگر ڈیڑھ سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود عوام کو کوئی ریلیف نہیں مل سکا بلکہ اب تو آٹا بھی عوام کی پہنچ سے بہت دور چلا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی پر تو روتے ہی تھے اب آٹے کی عدم دستیابی نے تو عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔ آٹا چونکہ ہر شخص کی ضرورت ہے لہٰذا آٹے کی قلت نے ہر فرد کی زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ حکومت کو چاہیئے کہ مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کرے اور خاص طور پر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کاروائی کی جائے۔ ایسے تمام عناصر جو آٹے کے بحران کا سبب بنے ہیں ان سے کسی قسم کی رعایت نہ کی جائے بلکہ انہیں نشان عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ کوئی عوام کیلئے پریشانی کا سبب نہ بن سکے۔