دفتر خارجہ پاکستانی پاسپورٹ پر وفد کے دورہ اسرائیل کی وضاحت کرے، علامہ ناصر عباس جعفری
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ ناصر عباس جعفری نے اسرائیلی صدر کی طرف سے پاکستانی وفد سے ملاقات کی تصدیق پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولی موقف سے خیانت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ پر اسرائیل کے سفر کی اجازت نہیں، مذکورہ وفد کو غاصب اسرائیل کا دورہ کرنے کی اجازت کیوں اور کس کے ایما پر ملی، دفتر خارجہ کو صیہونی غاصب ریاست اسرائیل کے دورے پر قوم کے سامنے وضاحت کرنی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ قبلہ اول پر قابض اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر آگ و بارود برسانے والوں سے دوستی، دین اسلام سے غداری ہے، امریکہ و اسرائیل عالم اسلام کے کھلے دشمن ہے، حکومت ہوشمندی کا مظاہرہ کرے، اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کی غاصب اسرائیل کے لئے معمولی سی لچک کشمیر پر ہمارے موقف کو کمزور کر دے گی، اسرائیل کے معاملے میں ہمارا دو ٹوک اور سخت مؤقف ہی خطے کے امن اور سلامتی کی ضمانت سمجھا جائے گا۔