
اسرائیلی درندگی کی تازہ لہر، رات سے اب تک 59 فلسطینی شہید
شیعہ نیوز: اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کی وجہ سے رات سے اب تک غزہ کے مختلف علاقوں میں کم از کم 59 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ فضائی حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ گذشتہ رات سے اب تک شمالی، وسطی اور جنوبی غزہ پر کیے گئے حملوں میں کم از کم 59 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی بمباری میں وسطی غزہ کے شہر دیر البلح میں ایک رہائشی مکان کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : ہم ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتے ہیں، تاجک وزیر خارجہ
اسی طرح شمالی غزہ کے علاقے تل الزعتر کو بھی اسرائیلی جنگی طیاروں نے بار بار نشانہ بنایا۔
مختلف علاقوں میں ہونے والے حملوں کی وجہ سے شہید ہونے والوں کی تعداد 59 ہوگئی ہے جبکہ اس سے کہیں زیادہ زخمی ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 18 مارچ 2025 سے شروع ہونے والی اسرائیلی جارحیت کی تازہ لہر میں اب تک 3,131 فلسطینی شہید اور 8,632 زخمی ہو چکے ہیں۔
وزارت نے مزید کہا کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 53,272 ہو چکی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 120,673 تک پہنچ گئی ہے۔