تکفیری فتنہ الخوارج کے حملے میں شہید پاک فوج کے جوانوں کی نماز جنازہ ادا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ہمارے شہداء کی یہ قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ہمارے عزم و حوصلے کو دوام بخشتی ہیں
شیعہ نیوز: ضلع جنوبی وزیرستان میں تکفیری فتنہ الخوارج کے حملے میں پاک فوج کے شہید ہونے والے جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 21 دسمبر 2024ء کو ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں فتنہ الخوارج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہونے والے شہداء کی نماز جنازہ بنوں کینٹ میں ادا کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں شامل جمرود کے رہائشی سول کیمرہ ٹیکنیشن وقاص احمد شہید کی نماز جنازہ بھی ادا کی گئی، نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور، پاک فوج کے سینئر افسران، جوانوں اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: طالبانیت اور فرقہ واریت کا گٹھ جوڑ: کیا ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ ہار رہے ہیں؟
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ہمارے شہداء کی یہ قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ہمارے عزم و حوصلے کو دوام بخشتی ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز جنوبی وزیرستان چیک پوسٹ پر خوارج کے حملے کی کوشش میں 16 جوان وطن پر قربان ہوگئے تھے جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 خارجی مارے گئے تھے۔