
غزہ میں جنگ بندی سے حماس کو دوبارہ منظم ہونے کا موقع مل جائیگا، انٹونی بلنکن
شیعہ نیوز: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ غزہ میں ابھی جنگ بندی کرنے سے حماس کو دوبارہ منظم ہونے اور حملے کرنے کا موقع مل جائے گا، شہریوں کے تحفظ، امداد اور غیر ملکیوں کے انخلا کے لیے انسانی وقفہ کارآمد ہوسکتا ہے۔ اردن میں عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ گول میز کانفنرس میں شرکت کے بعد انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ غزہ میں امداد کا سلسلہ برقرار رکھنے کے طریقوں پر بات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ رفح کراسنگ سے 100 امدادی ٹرک جا رہے ہیں، لیکن یہ ناکافی ہیں، اسرائیل کو شہریوں کی حفاظت کے تمام اقدامات کرنے چاہئیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک اسرائیل حماس تنازع نہ پھیلنے میں کردار ادا کرسکتے ہیں، قطری وزیراعظم سے یرغمالیوں کی رہائی کے لیے بات کی ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق عرب رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ امریکا دو ریاستی حل پر یقین رکھتا ہے۔ وزیر خارجہ اردن ایمن الصفدی نے کہا کہ قتل کو جائز قرار نہیں دیا جاسکتا، اسرائیل غزہ میں قتل عام کر رہا ہے، اسرائیل غزہ میں جنگی جرائم میں ملوث ہے۔ ایمن الصفدی نے مزید کہا کہ ہم سب پائیدار امن کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں، تمام عرب ممالک فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں، شہریوں کے قتل، مساجد اور ہسپتالوں کو نشانہ بنانے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ اس موقع پر سامح شکری نے کہا کہ پورا خطہ نفرت کے سمندر میں ڈوب رہا ہے، غزہ میں فوری جنگ بندی ہونی چاہیئے، مصر امداد پہنچانے کی پوری کوشش کر رہا ہے، ہم سب یہاں ایک ہی مقصد کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔