
مشرق وسطی
غزہ کا الزیتون محلہ صیہونی مرکاوا ٹینکوں کا قبرستان بن گیا
شیعہ نیوز: غزہ کا الزیتون محلہ اسرائیلی مرکاوا ٹینکوں کا قبرستان بن گیا۔ رپورٹ کے مطابق الزیتون محلے میں فلسطینی مزاحمت کے ایک فیلڈ کمانڈر نے اعلان کیا کہ ہمارے جنگجوؤں نے دشمن کی فوج کو بھاری جانی نقصان پہنچایا اور یہ محلہ مرکاوا ٹینکوں کا قبرستان بن گیا ہے۔ فلسطینی مزاحمت کے اس ذریعے نے الزیتون محلے سے اطلاع دی ہے کہ قابض فوج کے ہیلی کاپٹر اپنے ہلاک اور زخمیوں کو منتقل کرنے کے لیے 3 بار الزیتون محلے میں اترے۔ مذکورہ ذریعے نے تاکید کی کہ ہمارے جنگجو اب بھی اپنی جنگی پوزیشنوں پر موجود ہیں اور اپنے مشن کو بخوبی انجام دے رہے ہیں۔ الزیتون کے محلے میں "الدولت ” اور "الصقیح” گلی کا چوراہا مرکاوا ٹینکوں کے قبرستان میں تبدیل ہو گیا ہے اور صہیونی فوجیوں کی نقل و حرکت میں الجھن بالکل واضح ہے۔
غزہ کے مختلف علاقوں میں مزاحمتی فورسز اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپوں کے تسلسل کے بعد کل بھی الزیتون محلے (غزہ شہر کے جنوب مشرق میں) میں فلسطینی مزاحمت سے متعلق ایک ذریعے نے اطلاع دی کہ قابض فوج کی پیش قدمی مسلسل نویں روز بھی ناکام رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس عرصے کے دوران ہم نے قابض فوج کی 20 سے زائد گاڑیوں کو تباہ کیا اور درجنوں گھات لگا کر کارروائیاں کیں۔ ہم نے بار بار اسنائپر پوزیشنوں اور دشمن کے ہیڈ کوارٹر کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ ہمارے جنگجو دشمن قوتوں کے تصور سے بھی زیادہ قریب ہیں اور وہ ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھتے ہیں اور ان فورسز کو مناسب ہتھیاروں سے نشانہ بناتے ہیں۔