عراقی النجباء کے جنرل سیکرٹری کا اسماعیل ہنیہ سے ٹیلی فونک رابطہ
شییعہ نیوز: اسلامی مزاحمتی تحریک نجباء عراق کے سکریٹری جنرل اکرم الکعبی نے حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ کو "الاقصی طوفان” آپریشن کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا: آپ اس عظیم فتح اور دشمن پر آپ کی حیرت انگیز اور کاری ضرب امت اسلامیہ اور پوری دنیا کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بن گئی ہے۔
شیخ "اکرم الکعبی” نے کہا: ہمارے دل و دماغ آپ کے ساتھ ہیں، آپ کے اس حیرت انگیز حملے نے ہمیں سورۃ العادیات کی یاد تازہ کرائی ہے کہ خداوند متعال نے مسلمانوں کی کفار کو حیران کر دینے والی عظیم فتح کے جواب میں ایک مکمل سورۃ نازل کی تھی۔ .
انہوں نے فلسطینی مزاحمت کو حمایت فراہم کرنے کے لیے نجباء تحریک کی مکمل تیاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا: ہم معاہدے کے تحت ہتھیاروں، لاجسٹک اور افرادی قوت کی فراہمی اور ہر طرح کی مدد کے لئے تیار ہیں۔
سیکرٹری جنرل نجباء نے مسجد اقصیٰ کی حمایت کو ایک اعتقادی مسئلہ قرار دیتے ہوئے واضح کیا: ہمارے تمام بھائی فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی کے لیے بے صبر اور منتظر ہیں۔ بہت سے افراد یہاں تک کہ شہادت پسندانہ کاروائی کے لئے ہمارے پاس آتے ہیں اور رضاکارانہ طور پر غزہ جانے کی درخواست کرتے ہیں۔
اس ٹیلی فونک گفتگو میں تحریک حماس کے سربراہ نے عراقی قوم اور مزاحمت کو سراہتے ہوئے کہا: خدا آپ کو اور ان بہادر عراقیوں کو جزائے خیر عطا فرمائے جو مدد اور مزاحمت کے حامی ہیں۔ انشاء اللہ آپ کی مدد سے ہم سرزمین معراج کو آزاد کرائیں گے۔
"اسماعیل ہنیہ” نے بغداد میں جمعے کو فلسطین کے حق میں لاکھوں عراقی عوام کے مظاہرے پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا: "یہ غزہ میں ہمارے مجاہدین کے لیے ایک حوصلہ افزا پیغام تھا جو باعث افتخار ہے اور آپ کے اس مظاہرے نے دشمن کو بھی ایک واضح پیغام دیا ہے کہ غزہ اور مزاحمتی محاذ تنہا نہیں ہیں۔
انہوں نے غزہ کی میدانی صورتحال اور موجودہ پیش رفت کے بارے میں مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا: خدا کے فضل سے دشمن کو ایک سٹرٹیجک کاری ضرب لگائی گئی جو مزاحمت کے باب میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گی اور امید ہے کہ اس آپریشن جنگ کا آغاز ہماری سرزمین، بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ پر سے صیہونی قبضے کے خاتمہ باعث ہوگا۔